ٹوکیو: جاپان میں ریکارڈ برف باری ہوئی ہے، کئی علاقوں میں ریکارڈ 12 فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان میں شدید برف باری کے باعث شہریوں کا گھروں سے نکلنا محال ہو گیا ہے، اور نظام زندگی درہم برہم ہے، ساحلی شہر میں درخت، سڑکیں، عمارتیں اور گاڑیاں برف سے ڈھک گئیں۔
جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے ہفتے کو صبح سویرے اشیکاوا کے مرکزی پریفیکچر میں ایک بار پھر بھاری برف باری کی وارننگ جاری کی ہے، اور نیگاتا پریفیکچر میں برفانی تودے گرنے سے بھی خبردار کر دیا ہے، جہاں صرف تین دنوں میں 3 میٹر برف پڑ چکی ہے۔
جاپان میں ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہو چکا ہے، ہائی ویز پر گاڑیاں کئی گھنٹے پھنسی رہیں، پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں، ٹرین سروس بھی متاثر ہوئی، اور متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہے۔
واجیما کے اشیکاوا شہر میں ہفتے کی صبح 7 بجے تک 6 گھنٹے کے دوران برف باری 27 سینٹی میٹر تک پہنچ گئی تھی، جو اس علاقے کے لیے ریکارڈ کی جانے والی سب سے بڑی مقدار ہے۔
اشیکاوا کے جزیرہ نما نوٹو میں 1 جنوری 2024 کو زلزلہ آیا تھا، جس سے مکانات کو نقصان پہنچا تھا، جب کہ اس سے قبل گزشتہ ستمبر میں شدید بارشوں سے بھی ان مکانات کو شدید نقصان پہنچ چکا تھا، اب برف تلے ان مکانات کی مکمل تباہی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسم سرما کے دباؤ کا پیٹرن اتوار تک برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، اور ٹھنڈی ہوا کے بہاؤ میں وقفے وقفے سے شدت آنے کی توقع ہے، جس کی وجہ سے کچھ علاقوں میں برف کے جمع ہونے میں اضافہ ہوگا۔