اسلام آباد: جاپان نے پاکستان میں موجود افغان مہاجرین کیلئے ایک ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جاپان کے سفیر برائے پاکستان کونینوری مٹسودا نے شہریار آفریدی سے ملاقات کی جس میں افغان مہاجرین کی امداد کا اعلان کیا۔
امداد کا اعلان دو ہفتہ قبل شہریار آفریدی کی بین الاقوامی برادری کو افغان مہاجرین کیلئے امداد کی درخواست پر کیا گیا۔
جاپانی سفیر کونینوری مٹسودا نے کہا کہ کورونا وبا کی آزمائش میں جاپان پاکستانی حکومت کے ساتھ کھڑا ہے، جاپان پاکستان کی جانب سے افغان مہاجرین کیلئے 40 سال سے جاری فیاضانہ امداد کو تحسین کے نظر سے دیکھتا ہے۔
اس موقع پر شہریار آفریدی نے مٹسودہ کو بتایا کہ پاکستان ہر ماہ 60 ہزار افغانیوں کو مفت ویزے دیتا ہے، جاپان مصیبت زدہ انسانیت کی ہمیشہ سے امداد کرتا چلا آیا ہے اور افغان مہاجرین کیلئے جاپان کی امداد مغربی دنیا کیلئے قابل تقلید ہے۔
جاپانی سفیر کنینوری مٹسودا نے کہا کہ جاپان افغانستان امن معاہدے میں پاکستان کے کردار کا خیر مقدم کرتا ہے اور جاپان خیبر پختونخوا کے ترقیاتی عمل میں آئندہ بھی پاکستان کا ساتھ دیتا رہے گا۔