اسلام آباد: گزشتہ روز کے زلزلے سے آزاد کشمیر میں ہونے والے نقصانات پر جاپان کی جانب سے امداد کی پیشکش کی گئی جس پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے شکریہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے جاپانی سفیر کا فون پر رابطہ ہوا۔ جاپانی سفیر نے گزشتہ روز زلزلے کے باعث ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
جاپانی سفیر نے زلزلہ متاثرین کے لیے امداد کی پیشکش کی جس پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے جاپان کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ جاپان کے سفیر کو بتایا نقصانات کا جائزہ لیاجا رہا ہے، بیرونی امداد کی ضرورت پیش آئی تو آگاہ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ملک کے بیشتر شہروں میں 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے سے آزاد کشمیر میں شدید تباہی پھیل گئی۔
میر پور جاتلاں میں نہر اپر جہلم کے قریب سڑکوں میں گہرے شگاف پڑ گئے جس کے باعث کئی گاڑیاں الٹ گئیں۔ سڑکیں ٹوٹ کر دھنس گئیں، زلزلے کے باعث ایک عمارت بھی منہدم ہوئی ہے جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔
زلزلے کے بعد میر پور آزاد کشمیر، جاتلاں اور گرد و نواح میں مواصلاتی نظام منقطع ہو چکا ہے۔ زلزلے کے باعث ایک نجی اسپتال کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
اب تک زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 30 بتائی جارہی ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔