اسلام آباد: جاپان نے پاکستان کو انسدادِ پولیو پروگرام کے لیے 31 لاکھ ڈالر گرانٹ کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان میں انسداد پولیو کے سلسلے میں حکومتِ پاکستان، جاپان، جائیکا اور یونیسف کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں، نیشنل ای او سی کے مطابق اس گرانٹ سے انسداد پولیو ویکسین کی خریداری کی جائے گی۔
نیشنل ای او سی کے مطابق جاپان سے ملنے والی گرانٹ 2025 میں ہونے والی انسداد پولیو مہم میں استعمال ہوگی، خیال رہے کہ پاکستان میں رواں سال پولیو کے 59 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
پولیو پر فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق کا کہنا تھا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے جاپانی حکومت کا تعاون قابل قدر ہے، جاپان کی حمایت کے ساتھ اپنی کوششوں کو مزید مضبوط کر رہے ہیں، وزیر اعظم کی قیادت میں 2025 کے وسط تک پولیو کیسز صفر پر لانے کے لیے ہم پرعزم ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ 10 برسوں میں کتنے پولیو کیس رپورٹ ہوئے؟
واضح رہے کہ وزارت صحت کے مطابق گزشتہ دس برسوں کے دوران ملک میں 411 پولیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں چلائی گئی انسدادِ پولیو مہمات کے نتائج خاطر خواہ برآمد نہیں ہوئے۔
دس برسوں کے دوران نصف پولیو کیس خیبرپختونخوا سے سامنے آئے ہیں، کے پی سے 207، سندھ سے 92 پولیو کیس، بلوچستان سے 80، پنجاب سے 30، گلگت بلتستان اور اسلام آباد سے ایک ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا، جب کہ آزاد کشمیر سے کوئی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا۔