ماسکو: امریکا اور جاپان کی روسی سرحد کے قریب فوجی مشقوں کے دوران ہمارز راکٹ فائر کرنے پر روس نے جاپان کو وارننگ دے دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سخت ہوتی سیکیورٹی کے ماحول میں جاپانی اور امریکی افواج روسی سرحد کے قریب 14 روزہ مشترکہ فوجی مشقوں کا انعقاد کر رہی ہیں۔
روس نے جاپان کو ہمارز راکٹ فائر کرنے پر ورننگ دے دی ہے، روسی وزارتِ خارجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ روسی سرحدوں پر فوجی مشقیں بند کی جائیں، ایسی مشقوں کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔
ایک طرف امریکا نے جنوبی کوریا کے ساتھ مل کر شمالی کوریا کے خلاف مشترکہ فوجی مشقیں کیں اور بیلسٹک میزائلوں کے تجربات کیے گئے، اور اب جاپان کے ساتھ مل کر ’’ڈیٹرنس اور ردعمل کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے‘‘ کے لیے مشترکہ مشقیں کی جا رہی ہیں۔
جاپانی کی زمینی دفاعی فوج نے پیر کے روز اوکیناوا فوجی اڈے سے 40 امریکی میرینز کے ساتھ شمالی ہوکائیڈو جزیرے میں مشقیں کیں، اور بحری فورس کا ہائی موبلٹی آرٹلری راکٹ سسٹم ہمارز (HIMARS) استعمال کیا۔
جاپانی میڈیا کے مطابق جاپان کی جانب سے متعدد لانچ راکٹ سسٹمز نے تقریباً 13 کلومیٹر (8 میل) دور ہدف پر کل 24 راکٹ فائر کیے، ان مشقوں میں امریکی فضائیہ بھی شامل ہے۔