اسلام آباد : پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر نے بنی گالہ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی ہے، جاپانی سفیر نے عمران خان کو عام انتخابات میں جیت پر مبارکباد دی اور پاکستان میں نومنتخب حکومت سے تعاون اور اشتراک میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔
تفصیلات کے مطابق جاپان نے پاکستان کی نو منتخب حکومت کو تعاون کی یقین دہانی کرادی، جاپانی سفیر نے بنی گالہ اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی، اور جاپانی حکومت کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جاپانی سفیر کا کہنا تھا کہ ہم تعلیمی اداروں کے منصوبوں میں پاکستان سے اشتراک کے خواہاں ہیں،جاپان24ملین بچوں کیلئے تعلیم کے انتظامات میں تعاون کیلئے تیار ہے، دونوں ممالک میں دو طرفہ تعلقات میں مضبوطی ہماراہدف ہے،۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جاپان صاف پانی منصوبوں میں بھی دلچسپی رکھتا ہے، جاپانی پارلیمان کا وفد ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گا، ملاقات میں چیئرمین تحریک انصاف نے خیرسگالی کے جذبات کا خیرمقدم کرتے ہوئے جاپانی سفیر اور ان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہے، جبکہ غربت کے خاتمے کیلئے جاپان کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جاپان کے ساتھ مضبوط ، متحرک سفارتی تعلقات کو اہمیت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، سفارتی سرگرمیوں کے ذریعے تجارت کا دائرہ کار بڑھائیں گے۔