کراچی : جاپانی سفیر نے سندھ میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کردیا، ان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت اسپیشل اکنامک زون قائم کرے تو جاپان کے سرمایہ کار وہاں پر صنعتیں قائم کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے جاپان کے سفیر کونینوری مٹسودا نے وزیراعلی ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں جاپان کے سفیر نے کہا کہ سندھ حکومت اسپیشل اکنامک زون قائم کرے تو جاپان کے سرمایہ کار وہاں پر صنعتیں قائم کریں گے۔
ملاقات میں تجارت، ثقافت، تعلیم و دیگر شعبوں میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیاگیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے جاپان کو زرعی اور فوڈ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کرنے کی پیشکش کی۔
ملاقات میں جاپانی کمپنیز اور محکمہ سرمایہ کاری کے اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جاپان اور سندھ حکومت کے مابین فشنگ انڈسٹری میں بھی سرمایہ کاری کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت جاپانی سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولیات اور تعاون فراہم کرے گی۔ جاپان کے سفیر نے سندھ میں بہترین امن و امان قائم کرنے پر وزیراعلی سندھ کو مبارکباد بھی دی۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ کو دو بندرگاہوں اور وسیع سڑکوں کے نیٹ ورک کا ایڈوانٹیج حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کے سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کرنے سے اچھے نتائج حاصل ہوں گے۔