کراچی : جاپانی قونصل جنرل توشی کازو ایسا مورا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کراٹے کے بہترین کھلاڑی موجود ہیں، ہماری دعا ہے کہ سعدی عباس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتے۔
یہ بات انہوں نے پاکستانی ایتھلیٹ سعدی عباس سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ تفصیلات کے مطابق ٹوکیو اولمپکس 2020 کراٹے کوالیفائر راؤنڈ کے موقع پر پاکستانی ایتھلیٹ سعدی عباس کی جاپان کے قونصل جنرل سے ملاقات کی۔
قونصل جنرل توشی کازو ایسا مورا نے سعدی عباس کی کاوشوں کو سراہا، ملاقات میں سعدی عباس نے قونصلیٹ جنرل کو اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کی تفصیلات سے آگاہی دی۔
اس موقع پر توشی کازو ایسامورا کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں تھا کہ پاکستان میں کراٹے کے بہترین کھلاڑی موجود ہیں، جن حالات میں سعدی عباس ٹریننگ کررہا ہے وہ قابل ستائش بات ہے،جاپانی قونصلیٹ جنرل کا مزید کہنا تھا کہ دعا یہی ہے کہ سعدی عباس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتے۔
سعدی عباس نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہوگی،اگلے ماہ جاپان میں ہونے والا کوالیفائر راؤنڈ بہت اہمیت رکھتا ہے۔
پاکستانی کراٹے کاز رینکنگ میں بہتری لانے کیلئے کئی ایونٹ کھیل چکا ہوں، سعدی عباس نے مزید کہا کہ اولمپکس کھیلنے کیلئے کوچ کی بہت ضروت ہے۔