ٹوکیو: جاپان کا بلیک ہاک فوجی ہیلی کاپٹر اوکیناوا جزائر کے علاقے میں لاپتا ہوگیا ہے۔
جاپانی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر جاپان کے اوکیناوا جزائر کے علاقے میں دوران پرواز لاپتہ ہوا ، خدشہ ہے کہ یہ سمندر میں گرکرتباہ ہوگیا ہے۔
جاپانی فورسز کے اعلیٰ عہدیدار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کا سیلف ڈیفنس فورس کے اڈے سے نکلنے کے بعد اچانک ریڈار سے رابطہ منقطع ہوا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر میں عملے سمیت دس افراد سوار ہیں، جاپانی کوسٹ گارڈ ہیلی کاپٹر کی تلاش میں مصروف عمل ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر ایک فضائی جاسوسی مشن کے دوران میاکوجیما کے ارد گرد پانیوں میں گشت کر رہا تھا کہ اچانک لاپتہ ہوا، اطلاعات ہیں کہ گراؤنڈ سیلف ڈیفنس کے فورس کمانڈربھی لاپتا ہونے والے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر پر سوار تھے۔
جاپانی میڈیا کے مطابق وزیراعظم فومیو کشیدا نے کہا کہ حکومت کی پہلی ترجیح ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کو بچانا ہے۔