نیویارک: جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے ملاقات کے لیے آمادگی کا اظہار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق جاپان کے وزیراعظم شینزو آبے خطے میں امن و سلامتی کی فضا قائم کرنے کے لیے شمالی کوریا کے لیڈر کِم جونگ اُن کے ساتھ ملاقات کے لیے تیار ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کم جونگ ان سے اب تک ملاقات کی کوئی ترتیب نہیں بن سکی لیکن کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم امن چاہتے ہیں، اس کے لیے ہرممکن اقدامات کریں گے، شمالی کوریا کے سربراہ سے ملاقات کرنا بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریائی لیڈر کے ساتھ ملاقات میں ان کا مقصد ایسے جاپانی شہریوں کی بازیابی یا معلومات کا حصول ہے، جنہیں شمالی کوریا نے اغوا کر لیا تھا۔
شمالی کوریا بحران کا خاتمہ ٹرمپ اور کم جونگ کی ملاقات سے مشروط ہے: جاپانی وزیر اعظم
خیال رہے کہ ماضی میں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے کہا تھا کہ جاپانی وزیر اعظم کشیدگی میں اضافہ کر رہا ہے۔
شمالی کوریا نے جاپان کو کھلے الفاظ میں ایٹمی حملے کی دھمکی بھی دی تھی، دونوں ملکوں کے درمیان شدید تناؤ پایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ ایٹمی حملے کا اعلان جاپان کے اس بیان کے بعد سامنے آیا تھا جس میں بین الاقوامی برادری پر زور دیا گیا تھا کہ اب شمالی کوریا سے مذاکرات میں وقت نہیں ضائع کرنا چاہیے۔