جاپان سے تعلق رکھنے والی معروف مانگا آرٹسٹ ریو تاتسو (نئی بابا وانگا) نے جاپان کی 2025 میں تباہی سے متعلق پیش گوئی کرکے دنیا بھر سے جاپان کا سفر کرنے والوں کو خوف میں مبتلا کردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف مانگا آرٹسٹ ریو تاتسو کی پیش گوئی سامنے آنے کے بعد جولائی 2025 میں جاپان کا سفر کرنے والے ہزاروں سیاحوں نے اپنی ٹرپس کو منسوخ کردیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق معروف مانگا آرٹسٹ کو جاپان کی ‘نئی بابا وانگا’ سے تشبیہ دی جارہی ہے، کیونکہ ان کی ماضی کی کئی پیشگوئیاں، جیسے 2011 کا توہوکو زلزلہ اور فریڈی مرکری کی موت بالکل صحیح ثابت ہوچکی ہیں۔
ان کی نئی کتاب ”دی فیوچر آئی سا” میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جولائی 2025 میں جاپان اور فلپائن کے درمیان سمندر میں ایک بڑا زلزلہ اور سونامی آنے کا خدشہ ہے، جو 2011 کے تباہ کن سونامی سے تین گنا زیادہ طاقتور ثابت ہوسکتا ہے۔
مذکورہ پیش گوئی سامنے آنے کے بعد ہانگ کانگ کی ایک مشہور ٹریول ایجنسی WWPKG کا کہنا ہے کہ جاپان جانے والے سیاحوں میں 50 فیصد کمی واقع ہوچکی ہے، سیاح جاپان کا سفر کرنے سے کترارہے ہیں۔
تاتسوکی کی پیشگوئی کو اگرچہ جاپانی حکام نے مسترد کردیا ہے۔ تاہم چینی سفارتخانے نے اپریل 2025 میں جاپان میں موجود اپنے شہریوں کو قدرتی آفات سے ہوشیار رہنے کی ہدایت جاری کی تھی، جس سے اس حوالے سے خدشات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر #July2025Prediction کے ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹرینڈ کر رہا ہے، جہاں کچھ لوگ اس پیشگوئی کو سنجیدہ لے رہے ہیں اور چہ مگوئیوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔
دوسری جانب پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران بلغاریہ کی نابینا باباوانگا کی دہائیوں قبل جنگوں اور دنیا میں تباہی سے متعلق کی گئی پیشگوئیاں بھی ایک مرتبہ پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بلغاریہ کی نابینا باباوانگا کی نائن الیون اور کوویڈ-19 وبا سے متعلق پیشگوئیاں بالکل درست ثابت ہوئی تھیں اور انہوں نے 2025 میں یورپ میں تباہی کا بھی دعویٰ کیا تھا اور یہ کوئی عام جنگ نہیں ہوگی بلکہ یورپ کی آبادی بڑی حد تک کم ہوجائے گی۔
نیویارک پوسٹ کی رپورٹس کے مطابق باباوانگا نے ایک تنازع سے خبردار کیا تھا کہ اس سے یورپ شدید متاثر ہوگا، تاہم اس سے متاثرہ ہونے والے ممالک کے نام مبہم سے تھے لیکن ان کی پیش گوئی اس وقت یورپ میں پائی جانے والی غیریقینی صورت حال کے باعث خدشہ ہے کہ حقیقت میں تبدیل ہوجائے۔
ان کی اس پیش گوئی میں یورپ کے حوالے سے کہا گیا تھا یہ انسانیت کی پستی کا آغاز ہوگا اور انہوں نے اسی طرح کے مزید خوف ناک دعوے کیے تھے۔
آئندہ سال یورپ میں تباہ کن جنگ اور مسلمانوں کا دوبارہ بام عروج وحکمرانی، بابا وانگا کی نئی پیشگوئی سامنے آ گئی
انہوں نے 2025 میں دنیا بھر میں اقتصادی بحران کی پیش گوئی بھی کی تھی، اور بتایا تھا کہ پوری دنیا میں مالی نظام افراتفری کا شکار ہوگا اور دنیا بھر کے ممالک اس کی زد میں آئیں گے۔