کریم کوروکے جسے کریمی کرو کیٹس یعنی کریم والے کباب بھی کہا جاتا ہے جاپان میں کھائی جانے والی ایک عام اور پسندیدہ ڈش ہے۔
کرو کیٹس یعنی کباب جنہیں جاپان میں کوروکے کے نام سے جانا جاتا ہے انیسویں صدی کے آخر میں فرانس سے یہاں متعارف کروائے گئے۔
جاپانیوں نے کریم کروکیٹس اور دیگر اقسام سمیت ان میں اپنی جانب سے تبدیلیاں کیں۔ آج جاپان میں کروکیٹس ہر موقع کا لازمی جز ہے۔ جاپان میں کباب آلو کے علاوہ کدو، شکر قندی اور ابلے ہوئے چاولوں سے بھی تیار کیے جاتے ہیں۔
کرو کیٹس کی کچھ ایسی اقسام بھی ہیں جو بہت انوکھی ہیں جیسا کہ کری کروکیٹس، جن میں مسلے ہوئے آلو یا شکر قندی کی فلنگ میں کری پاؤڈر کا اضافہ کیا جاتا ہے۔
تو آج آپ گھر بیٹھے جاپان کی روایتی ڈش سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
اجزا
جھینگے: 100 گرام
پیاز: 80 گرام
بٹن مشروم: 4 عدد
مکھن: 30 گرام
میدہ: 40 گرام
دودھ: 300 ملی لیٹر
انڈا: 1 عدد
میدہ: حسب ضرورت
ڈبل روٹی کا چورا: حسب ضرورت
نمک: حسب ضرورت
کالی مرچ: حسب ضرورت
تیل: حسب ضرورت
ترکیب
ایک سوس پین میں مکھن ڈالیں اور اس میں باریک کٹی ہوئی پیاز کو نیم شفاف ہونے تک بھونیں۔
بٹن مشروم کے ڈنٹھلوں کے سخت سرے ہٹانے کے بعد انہیں باریک کاٹ لیں اور پیاز میں شامل کر کے نرم ہونے تک تلیں۔
سوس پین کو آنچ سے ہٹا دیں اور میدہ ڈال کر اچھی طرح ملائیں۔
اب اس میں دودھ کا ایک تہائی حصہ شامل کریں اور پین کو دوبارہ چولہے پر رکھ دیں۔ آہستہ آہستہ بقیہ دودھ شامل کریں۔
آمیزے کو جلنے سے بچانے کے لیے لکڑی کے چمچ سے مسلسل ہلاتے رہیں اور پین کی سطح کو کھرچتے رہیں۔
چار سے 5 منٹ تک دھیمی آنچ پراتنا پکائیں کہ چمچ سے واپس پین میں گراتے وقت وائٹ سوس کا گاڑھا پن محسوس ہونے لگے۔
نمک اور کالی مرچ کا اضافہ کر کے چولہے سے اتار لیں۔
جھینگا مچھلی کی اندرونی رگ صاف کر لیں، چھلکا اتار لیں اور دم والا حصہ ہٹا دیں۔ انہیں ایک سینٹی میٹر لمبائی میں کاٹ کر نمک اور کالی مرچ لگائیں۔
تیل میں جھینگا مچھلی کے ٹکڑوں کو اتنا تلیں کہ ان کی رنگت دودھیا ہو جائے۔ اس کے بعد انہیں وائٹ سوس میں ڈال دیں۔
اب اسے فوراً ہی انڈے کی زردی میں ملائیں اور سوس کو ایک ٹرے میں پھیلا دیں۔
سوس کو 10 سینٹی میٹر چوڑے اور 20 سینٹی میٹر لمبے ایک مستطیل کی شکل دیں۔
سوس کو خشک ہونے سے بچانے کے لیے ٹرے کو پلاسٹک سے ڈھانپ دیں۔ کچھ دیر ٹھنڈا ہونے دیں اور پھر سخت کرنے کے لیے 2 گھنٹے تک فریج میں رکھیں۔
وائٹ سوس کے اس آمیزے کو 12 ٹکڑوں میں تقسیم کر دیں۔ ان ٹکڑوں کو 5 سینٹی میٹر لمبے اور 2 سینٹی میٹر قطر کے رول کی شکل دے دیں۔
رولز کو اچھی طرح میدہ لگائیں اور زائد میدہ ہاتھ سے تھپتھپا کر اتار دیں۔
اب رولز کو انڈے کی پھینٹی ہوئی سفیدی میں ڈبو کر ان پر ڈبل روٹی کا چورا لگا دیں۔
تیل کو 175 سینٹی گریڈ پر گرم کریں اور ایک وقت میں کئی کروکیٹس کباب گہرے تیل میں 30 سیکنڈ تک تلیں۔
ان سب کو ایک ساتھ نہ تلیں ورنہ تیل کا درجہ حرارت کم ہو جائے گا۔
مزیدار کریمی کرو کیٹس تیار ہیں۔