فیصل آباد : صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں آئل ٹینکر کی ٹکر سے دو پولیس کانسٹیبل جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کےمطابق فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ کے تھانہ ستیانہ کے ایس ایچ او خالد گجر کا کہنا ہے کہ ایگل اسکواڈ کے دونوں کانسٹیبل مبارک علی اور محمد رفیق موٹر سائیکل پرگشت پر تھے۔
جڑانوالہ چک نمبر76گ ب کے قریب پیچھے سے آنے والے تیز رفتار آئل ٹینکر نے دونوں اہلکاروں کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
واقعے کے فوراََ بعد ہی آئل ٹینکرکاڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا،دونوں پولیس اہلکاروں کی میتیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردی گئیں حکام کا کہناہے کہ ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
ایگل اسکواڈ کے دونوں اہلکاروں کے حادثے میں جاں بحق ہونے پرایس پی نجیب اللہ بدرانی نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہےاور کہا کہ بہت جلد ملزم کو گرفتار کرلیا جائےگا۔