منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺمذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : ملک بھر میں سردار انبیاء حضرت محمد مصطفیٰ کا یوم ولادت عقیدت واحترام سے منایا گیا، تمام بڑے چھوٹے شہروں میں جلوس نکالے گئے، شمع رسالت کے پروانوں نے مختلف انداز سے بارگاہ اقدس میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔

تفصیلات کے مطابق عید میلاد النبی کے موقع پر قریہ قریہ، کوچہ کوچہ سبز پرچم لہرارہے تھے، جلوس، محافل میلاد اور تقریبات میں شان حضرت محمد مصطفیٰ بیان کی گئیں، جشن آمد رسول کے موقع پر ملک بھر کے در و دیوار درود و سلام کی صداؤں سے گونج اٹھے۔

کراچی میں ہزاروں عاشقان رسول جلوسوں اورریلیوں میں شامل تھے۔ مرکزی جلوس بولٹن مارکیٹ سے شروع ہوکر نشتر پارک پر اختتام پذیر ہوا، جلوس کے راستوں کی کڑی نگرانی کی جارہی تھی۔

اس کے علاوہ لاہور میں سرور کونین حضرت محمد کی ولادت باسعادت کو شایان شان انداز میں منایا گیا، وفاقی دارالحکومت میں عید میلاد النبی کا مرکزی جلوس جی سیون مرکز سے شروع ہوا، جلوس اپنے راستوں سے ہوتا ہوا آبپارہ میں دربار سخی محمود بادشاہ پر اختتام پزیر ہوا۔

ملتان میں بھی عاشقان رسول نبی کی تعریف میں مشغول تھے، ضلع بھر میں چھیاسٹھ جلوس نکالے گئے، کوئٹہ میں جشن آمد رسول کے موقع پر شہربھر میں ریلیاں نکالی گئیں، بچے بڑے بھی جلوسوں ریلیوں میں شامل تھے، ملک کے کونے کونے سے درود و سلام کی صدائیں گونج رہی ہیں۔

اسلام آباد میں عید میلاد النبی کےمرکزی جلوس میں ہزاروں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی، فیصل آباد ،ملتان ،گجرانوالہ، چینوٹ اور سیالکوٹ میں عید میلاد النبی کے جلوس نکالے گئے، جشن عید میلاد النبی کے مرکزی جلوس خصوصی دعاؤں اور درود و سلام کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئے۔

لاہور میں عید میلاد النبی کے سیکڑوں جلوس برآمد ہوئے، دعوت اسلامی کے زیر اہتمام ریلوے اسٹیشن سے داتا دربار تک جلوس نکالا گیا۔

پشاور میں بھی سرکار دو عالم سے عقیدت و محبت کا اظہار کیا گیا، کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں جشن عید میلاد النبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، صوبے کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس نکالےگئے اور محافل میلاد ہوئیں۔

اس موقع پر سیکیورٹی کےسخت انتظامات تھے، ملک بھر کی طرح ملکہ کوہسار مری میں بھی عید میلاد النبی جوش وخروش سے منایا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں