قومی ٹیم کے سابق آسٹریلوی ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے عاقب جاوید کو ’جوکر‘ قرار دے دیا۔
سابق آسٹریلوی کوچ جیسن گلیسپی نے دعویٰ کیا کہ عاقب جاوید نے خود کوچ بننے کے لیے میرے اور گیری کے خلاف مہم چلائی، لگاتار تبدیلیوں پر ان کا بات کرنا مذاق سے کم نہیں۔
جیسن گلیسپی کو اپریل 2024 میں ریڈبال کا ٹیم کا ہیڈ کوچ بنایا گیا تھا تاہم انہوں نے آٹھ ماہ بعد ہی استعفیٰ دے دیا تھا۔
سابق کوچ کا یہ ردعمل ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عاقب جاوید کو چیمپئنز ٹرافی میں گرین شرٹس کی خراب کارکردگی پر تنقید کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں دو میچ کھیلے لیکن دونوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کو 19 فروری کو پہلے میچ میں ہوم گراؤنڈ پر نیوزی لینڈ سے 60 رنز سے شکست ہوئی اور دبئی میں روایتی حریف بھارت نے 6 وکٹوں سے شکست دی۔
ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف ناقابل شکست سنچری اسکور کی اور 242 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی میں صرف ایک پوائنٹ حاصل کرسکی کیونکہ بنگلادیش کے خلاف آخری میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا۔