ملتان : سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ میں خاندانی مسلم لیگی ہوں، میاں صاحب سےملاقات سےمتعلق علم نہیں، ملک بچانے کیلئے نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہونا پڑا تو ہوجاؤں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ میری کتاب کی کل اسلام آباد میں تقریب رونمائی ہے۔
میڈیا کے ذریعے میاں صاحب سے ملاقات کا سن رہا ہوں، میں خاندانی مسلم لیگی ہوں، میرے والد اوردادا بھی مسلم لیگی تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک ختم نبوت کابانی ہوں، اس جدوجہد میں میرا اپنا بھائی بھی شہید ہوا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خود پر خود کش حملہ کرکے آئین اور ملک کو بچایا، دھرنے میں آئین توڑنے کیلئے مدد مانگی گئی تو باہرآگیا۔
میاں صاحب سےملاقات سےمتعلق علم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 3سال پہلےاسمبلی ٹوٹتی تو آج عمران خان قیدی یا بنی گالہ میں نظربند ہوتے، میں نے کوشش کرکے عمران خان، آئین جمہوریت اور فوج کو بچایا۔
مزید پڑھیں: عمران خان الیکشن لڑنے کے قابل نہیں ہے، جاوید ہاشمی
واضح رہے کہ آج مختلف ذرائع ابلاغ پر مخدوم جاوید ہاشمی کی نواز لیگ میں شمولیت کے حوالے خبریں گردش کررہی تھیں جس کے مطابق سابق وزیر اعظم نوازشریف ان کو ملاقات کیلئے اسلام آباد بلایا ہے، جس کی جاوید ہاشمی نے تردید بھی کردی ہے۔