اسلام آباد : وزیر اعظم کے دوست جاوید کیانی نے اعتراف کیا ہے کہ وہ جعلسازی میں معاون رہے، جا وید کیانی نے جے آئی ٹی کو بتایا کہ رقم کی غیر قانونی منتقلی نواز خاندان کے کاروباری فائدہ کیلئے کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ہی گراتے ہیں نشیمن پر بجلیاں، ایسا ہی جے آئی ٹی رپورٹ میں ہوا، جب نواز خاندان اور کاروبار سے منسلک ایک اہم شخص نے قبول کیا کہ جی ہاں میں نے جعلسازی کی، جعلی اکاونٹس کھولے، قرضے حاصل کئے اور لاکھوں ڈالر کی غیر قانونی منتقلی بھی کی۔
جے آئی ٹی کے مطابق جاوید کیانی نے اعتراف کیا کہ یہ جعلی اکاؤنٹس 1999 میں کھولے اور چورانوے تک آپریٹ ہوئے، یہ وہی وقت ہے، جس دوران لندن میں فلیٹس خریدے گئے۔
جاوید کیانی کا کہنا تھا کہ اکاونٹس سرمایے کی نقل و حمل کیلئے استعمال ہوئے، ان اکاؤنٹس سے لاکھوں ڈالرادھر اُدھر کئے گئے، تاہم اس سرمائے کے زرائع کیا ہیں جاوید کیانی کو معلوم نہیں۔
جاوید کیانی نے بتایا کہ یہ اکاونٹس انہوں نے اپنے ماموں اور نواز شریف کے خاص الخاص دوست شیخ سعید کے کہنے پر کھولے۔
خیال رہے کہ نواز شریف اپنے بیان میں شیخ سعید سےوابستگی کی تصدیق بھی کر چکے ہیں۔