لاہور: معروف کامیڈین جاوید کوڈو کو دماغ کی شریان پھٹنے کے باعث انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ان کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق معروف کامیڈین جاوید کوڈو کی طبعیت اچانک خراب ہونے پر انہیں فوری طور پر گنگا رام اسپتال لاہور منتقل کیا گیا جہاں سے ڈاکٹروں نے اہلخانہ سے انہیں جنرل اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر صرف تسلیاں ہی دے رہے ہیں، طبعیت بہتر نہیں ہو رہی۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ جاوید کوڈو کے دماغ کی شریان کو معمولی نقصان پہنچا ہے تاہم اگلے بہتر گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کامیڈین جاوید کوڈو کی بیماری کا نوٹس لیتے ہوئے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔