منگل, فروری 11, 2025
اشتہار

جاوید لطیف نے مراد سعید سے معافی مانگ لی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رکن جاوید لطیف اور رکن تحریک انصاف مراد سعید کے درمیان لڑائی کے بعد جاوید لطیف نے مراد سعید سے اپنے رویے پر معافی مانگ لی۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ انہوں نے کسی کو غدار نہیں کہا، تاہم مراد سعید سے متعلق جو بات کہی اس پر معافی مانگتے ہیں۔

جاوید لطیف نے کہا کہ وہ مراد سعید کی فیملی سے بھی معافی کے طلب گار ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ مراد سعید سے متعلق ان کی بات مناسب نہیں تھی۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رکن اسمبلی مراد سعید نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی ماں اور بھائی نے گولیاں کھائیں۔ وہ یہاں گالیاں کھانے نہیں آئے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ن لیگ کے رکن اسمبلی جاوید لطیف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو غدار کہا جس پر تحریک انصاف نے شدید احتجاج کیا۔

اجلاس ملتوی ہونے کے بعد اراکین ایوان سے باہر آئے تو مراد سعید اور جاوید لطیف میں زبانی جھڑپ ہوگئی جو بڑھ کر ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔ اس دوران جاوید لطیف نے مراد سعید کے خلاف نازیبا زبان بھی استعمال کی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو ایسی تقریبات میں شرکت سے گریز کی ہدایت کردی تھی جہاں جاوید لطیف کو مدعو کیا گیا ہو۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں ایسی غیر اخلاقی حرکات کرنے والے افراد پر عوامی اجتماعات میں آنے پر پابندی لگا دی جاتی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں