اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کا بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے دباؤ کے حوالے سے بڑا بیان آگیا ، جس میں انھوں نے کہا بانی کی رہائی کے لئے جہاں سے دباؤ آیا وہاں سے پہلے دباؤ نہیں آیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کے آنے سے نہ ہمیں خوشی ہے نہ ڈر، مجھے پریشانی نہیں کہ ٹرمپ انتظامیہ سے سفارتی تعلقات بہتر کرکے دباؤ کم کریں گے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ بڑا کلیئر ہوں دباؤ تھا اور ہے، ایسا دباؤ کبھی ذوالفقاربھٹو اور نوازشریف کیلئے نہیں آیا، پاکستان میں دوست ممالک کی جانب سے دباؤ آتا رہا ہے، مارشل لا، ذوالفقاربھٹو، نواز شریف کے معاملے پر بھی دباؤ آتے رہے لیکن جہاں سے دباؤ آج ہے، وہاں سے پہلے دباؤ نہیں آیا۔
انھوں نے کہا کہ نواز شریف نے ایسا کیا کیا تھا کہ کلنٹن نے ان کے لئے جدوجہد کی، بانی پی ٹی آئی کو ایوارڈ دیا جاتا کہ اس نے ساڑھے 3 سال سی پیک بند رکھا۔
جاوید لطیف نے بتایا کہ حمید گل پی ٹی آئی کی بنیاد رکھنے والوں میں سے ہیں اور بانی پی ٹی آئی کو لانچ کرنے والوں میں سے ہیں لیکن حمید گل بانی پی ٹی آئی کا اصل چہرہ سامنے آنے پر پیچھے ہٹ گئے تھے۔
امریکا کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے ڈونلڈ ٹرمپ پر احسانات ہیں، امریکا چاہتا تھا کشمیر ایشو پر پاک بھارت کا مسئلہ حل ہو، بانی پی ٹی آئی کشمیر ایشو پر مسئلہ حل کرکےآئے، ٹرمپ نے بانی پی ٹی آئی کو ثالث مقرر کیا اور بھارت نےمقبوضہ کشمیر پر قبضہ کرلیا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ نوازشریف کو سی پیک اور نیوکلیئر پاور بنانے کی سزادی گئی، نوازشریف اور بانی کی رہائی کی کوشش پر دیکھا جائے ملک کے مفاد کا کیا سودا ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف فیض حمید سے کام نہیں چلے گا سب کچھ سامنے لانا پڑے گا، جوڈیشل کمیشن ہو یا کمیٹی دیانتداری سے احاطہ تو سب کا کرنا ہوگا ، سازش کس نے کہاں سے کی، اداروں کے ترجمان بھی پورا سچ نہیں بول رہے، فیض حمید کو گرفتار کر کے سمجھتے ہیں ساری سازش بے نقاب ہوگئی۔
انھوں نے سوالات اٹھائے کہ کیا فیض حمید اکیلے یہ منصوبہ بندی کرسکتےتھے؟ 2014کادھرناکس نےدلوایاتھا؟بانی کولانے،نکالنےوالےکون تھے؟بیرونی دباؤپرآکربانی کورہاکریں گےتوہماری آزادی کہاں ہے؟ہمیں کوئی ڈکٹیٹ کرے گا تو قوم اپنی آزادی کیلئےکھڑی ہوگی۔
ن لیگی رہنما نے ماریہ میمن کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا امریکا کی نئی اور پرانی انتظامیہ میں فرق ہوگا، دوسری جانب بھی اندیشہ ہے کہ جن سے توقعات ہیں یہ نہ ہو کارڈ ضائع ہو جائے، جوڈیشل کمیشن بنانے کا فائدہ ایک پیج پر ہونے پر ہے، جب پیج پھٹا ہوا ہو تو فائدہ کم ،ریاست کونقصان زیادہ ہوتا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ پیج 2014 سے بنا، سال 2018 میں سب نے بینفشری بننے کیلئے لڈو بانٹے، ذمہ داری سے کہہ رہا ہوں سارے ادارے ایک پیج پر نہیں ہیں، قوم کے سامنے سب کچھ ہے تو پاورفل جوڈیشل کمیشن بنالیں اور کمیشن کی ٹی اوآربھی طے کرلیں تاکہ تحقیقات ہو سازش میں کون سے ادارے ملوث تھے۔
عمران خان کے حوالے سے رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ایبسلوٹلی ناٹ کہنے والوں کا آج حال دیکھ لیں، کیا ہمیں کوئی ڈکٹیٹ کرے گا؟ بانی پی ٹی آئی اپنی آزادی کیلئےغلام بن سکتے ہیں۔