مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی طرح وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کو بچانے والے بھی طاقتور ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ن لیگ کے رہنما جاوید لطیف نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان گزشتہ کئی سالوں سے کیا کچھ نہیں کر رہا، کوئی پوچھنے والا نہیں۔ آئینی ترمیم اور عدلیہ کی آزادی کی بات کی جا رہی ہے۔ 2014 میں کونسی آئینی ترمیم کو روکنے کیلیے دھرنا دیا گیا تھا۔ 2014 میں چین کے صدر آ رہے تھے اور سی پیک شروع ہونیوالا تھا جب کہ آج شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس اور سی پیک پارٹ ٹو ہونا ہے۔
جاوید لطیف نے کہا کہ اقتدار چلا گیا تو آج تک چین نہیں آ رہا۔ علی امین گنڈاپور کی بھی وہی روش ہے جو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی تھی۔ ان کو کو بچانے والے کون ہیں؟ عمران خان کی طرح گنڈاپور کو بچانے والے بھی طاقتور لوگ ہیں۔
ن لیگی رہنمانے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی عام ہو گئی ہے۔ علی امین کہتے ہیں کہ ہم جو کچھ کر رہے ہیں سب بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر کر رہے ہیں، وہ غائب بھی ہو جاتے ہیں۔ یہ کیسا مسنگ پرسن ہے کہ کبھی 8 تو کبھی 24 گھنٹے بعد مل جاتا ہے۔ اس مسنگ پرسن کو خاص رعایت ہے جو فوری منظر عام پر آ جاتا ہے۔ چوہے بلی کا کھیل پاکستان کو برباد کر دے گا۔ پاکستان کے ساتھ اب یہ کھلواڑ نہیں چل سکتا۔ یہ نظام اور آئینی ترمیم کی بات کرتے ہیں، مجھے پاکستان کی سلامتی کی فکر ہے اور میں کہتا ہوں پاکستان کو بچانے کی بات کرو۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا بندہ ریمانڈ کے دوران عدالت سے ڈسچارج ہو جاتا ہے جب کہ ہم چھ سال سے مقدمات پر مقدمات بھگت رہے اور تاریخ پر تاریخ مل رہی ہے۔ قوم کو بتا دیں کہ پی ٹی آئی کیلیے قانون الگ اور عام لوگوں کیلیے الگ ہے۔