شیخوپورہ : مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ہم عمران خان کے کہنے سے پہلے ہی پنجاب میں عدم اعتماد لانےکا فیصلہ کرچکے تھے۔
شیخوپورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ وہ اسمبلیوں سے باہر آرہے ہیں تو بسمہ اللہ کریں، ہم نے تو اس سے پہلے ہی پنجاب میں عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا تھا۔
جاوید لطیف نے کہا کہ صوبہ کے پی کے میں بھی وزیر اعلیٰ کیخلاف عدم اعتماد لانا کوئی مشکل کام نہیں ہے، اگرتحریک عدم اعتماد نہ لاسکے تو گورنر راج لگائیں گے۔
ن لیگ کے رہنما نے کہا کہ نوازشریف چند ہفتوں تک عوام کی قیادت کرتے نظر آئیں گے، غیرملکی ایجنڈا مسلط کرنے والوں پر ہاتھ ڈالنے کا وقت آگیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سیاسی حالات کچھ بہتر ہوجائیں ہم خود الیکشن کی طرف جائیں گے،فریش مینڈنٹ سے ہی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔
مزید پڑھیں : عمران خان کا تمام اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے راولپنڈی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تمام صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارلیمنٹری پارٹی سے مشاورت کے بعد حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ مارچ کینسل نہ کرتا تو اگلے دن تباہی ہونا تھی اسی لیے میں نے یہ فیصلہ کیا ہے، ملک میں تباہی مچانے سے بہتر ہے ہم اس نظام کا حصہ نہ رہیں۔