کراچی: سابق لیجنڈ کرکٹر جاوید میاں داد نے آخر کار 28 سال بعد اُس راز سے پردہ اٹھا دیا جس نے 1992 سے اب تک شائقین کرکٹ کو حیرانی سے دوچار کیے رکھا تھا۔
تفصیلات کے مطابق سابق مایہ ناز پاکستانی کرکٹر جاوید میاں داد نے انیس بانوے کے تاریخی ورلڈ کپ کے ایک میچ کے دوران بھارتی وکٹ کیپر کرن مورے کے سامنے اچانک اچھل کود کی وجہ خود بتا دی۔
ایک ویڈیو پیغام میں سابق ٹیسٹ کرکٹر جاوید میاں داد نے کہا کہ کسی نے مجھ سے کرن مورے کے سامنے اچھلنے کی وجہ دریافت کی، تو اس کی وجہ یہ تھی کہ بھارتی وکٹ کیپر کرن مورے میری بیٹنگ کے دوران ہر بار اچھل اچھل کر آؤٹ کی بہت زیادہ اپیلیں کرتا تھا۔ جاوید میاں داد نے بتایا کہ انھوں نے کرن کی اسی ‘حرکت’ کی نقل اتاری۔
آسٹریلیا میں میچ کے دوران ایک موقع پر جب بھارتی وکٹ کیپر نے جاوید میاں داد کو رن آؤٹ کرنے کی ناکام کوشش کی تو مایہ ناز بیٹسمین نے اچانک اسی طرح اچھل اچھل کر اس کی نقل اتار کر مضحکہ اڑایا۔
جاوید میاں داد کا کہنا تھا کرن مورے اس طرح اچھل کود کرتا تھا جیسے امپائر سے آؤٹ کی بھیک مانگ رہا ہو۔ خیال رہے کہ 1992 میں اگرچہ پاکستان عالمی چیمیئن بنا مگر لیگ میچ میں بھارت کے ہاتھوں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
لیجنڈ کرکٹر نے یہ بھی بتایا کہ پاک بھارت میچ میں انڈین کھلاڑی کیوں پاکستانی کھلاڑی کے آؤٹ ہونے پر بہت زیادہ رد عمل دکھاتے تھے، انھوں نے کہا کہ بھارتی پلیئرز کی نظر میں ہم بہت اہم تھے، اور میرے بارے میں تو یہ سمجھا جاتا تھا کہ اگر میں کریز پر کھڑا رہا تو پھر نتیجہ کیا نکلنا ہے، اس لیے سبھی یہ خواہش رکھتے تھے کہ کسی طرح جاوید آؤٹ ہو جائے۔ ہم بھی چاہتے تھے کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے بڑے کرکٹرز کو کسی طرح آؤٹ کیا جائے، یہ کھلاڑیوں کا فطری رویہ ہوتا ہے۔