منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

جاوید میانداد کی عمر اکمل کو وارننگ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: معروف سابق کرکٹر جاوید میانداد نے قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین عمر اکمل کو تنبیہہ کردی کہ وہ اپنی حرکتیں درست کریں اور اپنی توجہ صرف اپنے کیریئر پر مرکوز کریں۔

عمر اکمل اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت معطل ہیں جس کے بعد وہ معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے تک کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔

ایک انٹرویو کے دوران جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ عمر اکمل کے سسر عبدالقادر ایک عظیم کرکٹر اور ان کے بہترین دوست تھے۔ ’میں ان کی طرف سے تمہیں وارننگ دے رہا ہوں کہ اپنی حرکتیں درست کرو ورنہ میں اپنے دوست کی طرف سے تم سے باز پرس کروں گا‘۔

مزید پڑھیں: عمر اکمل نے بکی سے ملنے کا اعتراف کرلیا

میانداد کا کہنا تھا کہ میں نے عمر اکمل کے والدین سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ اپنے بیٹے کو سنبھالیں۔ انہوں نے عمر اکمل کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا رویہ درست کریں اور اپنے کرکٹ کیریئر پر توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ عمر اکمل کرکٹ سے ہی بہت سا پیسہ کما سکتے ہیں، لہٰذا وہ نیچ حرکتیں کر کے ملک کو اور ملک کے پرانے بڑے کھلاڑیوں کو شرمندہ نہ کریں۔ وہ اپنی حرکتوں سے اپنے ہی کیریئر کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

میانداد نے مزید کہا کہ کرکٹ سے صرف پیسہ ہی نہیں عزت بھی کمائی جاتی ہے، ’ہم اب کرکٹ نہیں کھیلتے لیکن لوگ اب بھی ہماری عزت کرتے ہیں، اپنے رویے کو درست کرو، اچھی پرفارمنس دو اور سب کی عزت کرو‘۔

خیال رہے کہ عمر اکمل نے چند دن قبل بکی سے ملنے کا اعتراف کیا تھا اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو نہ بتانے پر غلطی کے مرتکب ہوئے تھے جس کے بعد بورڈ نے انہیں معطل کردیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں