شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار جاوید شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے کبھی فلموں کے لیے میک اپ نہیں کروایا۔
اداکار جاوید شیخ نے حال ہی میں اداکارہ اشنا شاہ کے شو میں شرکت کی اور اس دوران نجی زندگی سمیت دیگر موضوعات پر اظہار خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں پر سب میک اپ کرتے ہیں لیکن میں نہیں کرتا۔
جاوید شیخ نے کہا کہ بھارت میں تو فلموں کے لیے میک اپ کرنا لازمی ہوتا ہے ہر شخص وہاں پر میک اپ کرتا ہے اور لڑکیوں نے تو لازمی ہی کرنا ہوتا ہے۔
اداکار نے بتایا کہ بالی ووڈ میں مرد اداکار بھی سارے میک اپ کروا رہے تھے جب میں پہلی مرتبہ سیٹ پر گیا، میری پہلی فلم شکر شاہد کپور کے ساتھ تھی مجھے کہا گیا کہ آپ ایک گھنٹہ پہلے آئیے گا تاکہ میک اپ کرسکیں۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے اسے بتایا کہ میک اپ نہیں کرواتا تو وہ کہنے لگا کہ اس کی اجازت نہیں ہے میں نے کہا کہ کیوں کیا ہوگیا یہ کسی کتاب میں نہیں لکھا کہ میک اپ کراونا ہے۔
جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ میں نہیں چاہتا کہ میرے چہرے پر میک اپ کیا جائے، پھر کہا گیا کہ چہرہ شائننگ کرتا ہے میں نے پھر بھی انکار کردیا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کی اور زینت منگی کی طلاق کی وجہ سے ان کے بچوں شہزاد اور مومل شیخ نے کچھ مشکلات بھی دیکھیں۔
انہوں نے بتایا کہ طلاق کے وقت ان کےبچے کافی چھوٹے تھے اور طلاق کے کچھ عرصے بعد انہوں نے دوسری شادی کرلی تھی۔
جاوید شیخ کے مطابق والدین کے درمیان علیحدگی کی وجہ سے ان کے بچوں نے کچھ مشکل وقت بھی دیکھا اور مشکلات بھی برداشت کیں لیکن بعد میں ان کی بہن اور بھائیوں کے بچوں نے ان کے بچوں کا ساتھ دیا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ جب ان کے بچے چھوٹے تھے تو ان کی بہن اور بھائیوں کے بچے ان کے بچوں کے پاس آکر وقت گزارتے تھے، جس سے ان کے بچوں کو کافی مدد ملی۔
سینیئر اداکار کا کہنا تھا کہ بچوں کے بالغ ہونے اور ان کی شادیوں کے وقت انہوں نے بطور والد اپنی ذمہ داریاں ادا کیں۔