بالی ووڈ کی کئی فلموں میں کام کرنے والے پاکستان کے معروف اور سینئر اداکار جاوید شیخ بھی بھارتی انہتا پسندی کے خلاف میدان میں آگئے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ جنگی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے جاوید شیخ نے کہا ہے کہ بھارت جذبات میں آکر اگر کسی قسم کی جارحیت کا مظاہرہ کرتا ہے تو پاکستان اس کا سخت اور مؤثر جواب دے گا، سوشل میڈیا پر جاوید شیخ کی یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
جاوید شیخ کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ پہلگام واقعے پر سوال اٹھاتے ہوئے بھارتی حکومت کو آئینہ دکھا رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پہلگام میں حملے کے محض آدھے گھنٹے بعد ہی پاکستان پر الزام عائد کردیا جاتا ہے، یہ عمل غیر سنجیدہ ہونے کے ساتھ ساتھ حقائق کے بھی منافی ہے، ایف آئی آر میں بغیر کسی واضح ثبوت کے پاکستان کو ملوث قرار دینا ناقابل قبول عمل ہے۔
بھارتی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے پاکستانی اداکار نے کہا کہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا سامنا ہوا تو پاکستان کا ردعمل بھرپور اور واضح ہوگا۔
خیال رہے کہ بھارت میں پہلے ہی پاکستانی فنکاروں پر غیررسمی طور پر پابندی عائد ہے اور اس واقعے کے بعد ہندو انتہا پسند سوچ کے حامیوں نے کرکٹ سمیت اداکاروں اور پاکستانی ٹی وی ڈراموں پر بھی پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔