شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ جویریہ سعود نے شوہر و اداکار سعود قاسمی کی جانب سے رشتہ لانے سے متعلق انکشاف کیا ہے۔
اداکارہ جویریہ سعود نے حال ہی میں ایک ویب شو میں گفتگو کے دوران کیریئر سمیت نجی زندگی کے حوالے سے بات کی اور رشتہ آنے سے متعلق انکشافات بھی کیے۔
انہوں نے کہا کہ سعود کے گھر والے میرے رشتے کے لیے تین مرتبہ گھر آئے تھے، پہلے رشتے داروں کو لائے تو بات نہ بنی، دوسری بار انڈسٹری کے اداکاروں شان، ریمبو اور امجد صابری سمیت دیگر کو لائے تاکہ میرے والدین کو راضی کرسکیں۔
جویریہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ لیکن اداکاروں کو لانے پر بھی بات نہ بنی تو تیسری مرتبہ سعود آرمی سے اپنے کچھ دوستوں کو ساتھ لائے، وہ اپنے ساتھ مٹھائی بھی لائے کہ اب ہم ہاں سنیں گے جس کے بعد میرے والدین راضی ہوگئے تھے۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب رشتہ پکا ہوگیا تو سعود نے شادی تک انڈسٹری کے لوگوں سے منگنی کو چھپائے رکھنے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ کوئی ہمارے درمیان اختلافات پیدا نہ کرسکے۔
جویریہ سعود نے کہا کہ شادی طے ہونے والی تھی تو ایک اداکارہ نے سعود اور میرے گھر والوں کو یہ جھوٹ کہا کہ سعود پہلے سے شادی ہیں اور میں بھی بچوں کی ماں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ان باتوں کو سنجیدہ نہ لیا اور شادی کرلی۔
یاد رہے کہ سعود اور جویریہ 2005 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، دونوں کی ایک بیٹی جنت اور بیٹا ابراہیم ہے۔