جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

’بیٹے کو ہاتھ لگانے سے پہلے…‘ ڈائیلاگ کے پیچھے چھپی کہانی سامنے آگئی

اشتہار

حیرت انگیز

باکس آفس پر تباہی مچانے والی فلم ’جوان‘ کا مشہور ڈائیلاگ جسے فلم بین شاہ رخ کے بیٹے آریان خان سے جوڑ رہے تھے وہ اسکرپٹ میں شامل ہی نہیں تھا۔

کنگ خان کی فلم کا مشہور ڈائیلاگ ’بیٹے کو ہاتھ لگانے سے پہلے باپ سے بات کر‘ فلم میں اچانک شامل کیا گیا تھا۔ مصنف سمت اروڑا نے انکشاف کیا کہ جوان کا سب سے مشہور ڈائیلاگ اسکرپٹ کا حصہ نہیں تھا بلکہ شوٹنگ کے دن یہ ڈائیلاگ سین کی مناسبت سے فلمایا گیا۔

فلم کے ایک منظر میں شاہ رُخ خان اپنے ہم شکل بیٹے کو بچانے کے لیے آتے ہیں اور اسی دوران یہ ڈائیلاگ بھی گونجتا ہے کہ ’بیٹے کو ہاتھ لگانے سے پہلے، باپ سے بات کر‘، جو کہ فلم بینوں کو بہت پسند آیا تھا اب اس کے پیچھے چھپی کہانی سامنے آئی ہے۔

- Advertisement -

سمت نے بتایا کہ سنسنی خیز سین پہلے بغیر کسی مکالمے کے شوٹ ہونا تھا لیکن ایٹلی نے کہا یہاں ایک ڈائیلاگ ہونا چاہیے، تو میرا مشورہ تھا کہ اس سین میں ڈائیلاگ ’بیٹے کو ہاتھ لگانے سے پہلے، باپ سے بات کر‘ شامل کر دیا جائے۔

اروڑا کے مطابق اُن کے اس مشورے سے اداکار شاہ رخ خان اور ہدایتکار ایٹلی نے مبینہ طور پر اتفاق کیا اور اس اہم ترین سین کو دلچسپ ڈائیلاگ کے ساتھ شوٹ کیا گیا۔

واضح رہے کہ جب سے فلم کا ٹریلر اور مـذکورہ ڈائیلاگ سامنے آیا تھا شائقین اسے آریان خان کی گرفتاری سے جوڑ رہے تھے، کچھ شائقین کا کہنا تھا کہ یہ انسپکٹر سمیر کو جواب ہے جنھوں نے آریان کو گرفتار کیا تھا۔

یاد رہے کہ اکتوبر 2021 میں کنگ خان کے بڑے بیٹے کو ایک ڈرگ کیس میں حراست میں لیا گیا تھا جب کہ انھیں 25 دن تک جیل میں رہنے کے بعد الزامات سے بری کیا گیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں