کراچی : نامور سابق کرکٹر جاوید میانداد نے کہا ہے کہ عمران خان کو بطور وزیراعظم ہمیں سپورٹ کرنا چاہئے، بیٹنگ نہ کرانے پر آفریدی کو غصہ ہے تو مجھے معاف کردیں۔
ان خیالات کا کاظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ یہی رہا ہے کہ لوگوں نے اسے لوٹا، وہی ملک ترقی کرتا ہے جس کے عوام میں جیت کا جذبہ ہو، پاکستان میں چندہ جمع کر کے کیا چیز نہیں بن سکتی؟
اوورسیز پاکستانیوں کو آزما چکے ہیں، پہلے لوگوں نے ان سے مدد مانگی اور کام نہیں کیا۔ تمام پاکستانیوں سے کہتا ہوں کمیٹیاں ڈال کر مسائل حل کریں، جاوید میانداد نے تجویز پیش کی کہ200،100روپے چندہ لے کر ہم کراچی کی سڑکیں ٹھیک کرسکتے ہیں، ہمارے ہاں سب سے بڑا مسئلہ سفارش کا ہے، اس ملک میں لوگوں کے پاس عقل تو بہت ہے لیکن پیسہ نہیں۔
جاوید میانداد کا مزید کہنا تھا کہ میں نے کہا ہے کہ ملک کیلئے میری تمام خدمات حاصل ہیں، جہانگیرخان بھی حاضر ہیں، وہ بھی اپنی خدمات دیں گے،
ایک سوال کے جواب میں میانداد نے کہا کہ بیٹنگ نہ کرانے پر شاہد آفریدی کو اگر غصہ ہے تو وہ مجھے معاف کردیں، ہوسکتا ہے انجانے میں مجھ سے کچھ غلطیاں ہوئی ہوں
صلاح الدین بھائی مل جائیں توان سے شاہد آفریدی کا پوچھنا، میرے انڈر بہت سے لڑکے کھیلے ان سے پوچھیں کہ میں کیسا تھا، اس کے علاوہ سعید انور بھائی اور دیگر بہت سے کھلاڑی ہیں ان سے میرے بارے میں پوچھ لیں، کتاب والوں کو تو مصالحہ چاہئے ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے ہمیشہ عزت ملی ہے اور اچھی عزت ملی ہے، جب میں بیٹنگ کرنے جاتا تھا تو عوام کہتی تھی کہ اب ٹینشن ختم ہوگئی، آپ لوگوں کی دعائیں میرےساتھ ہوتی تھیں۔