ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

شارجہ کے میدان میں جاوید میاں داد کے تاریخی چھکے کو آج 33 برس مکمل ہو گئے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شارجہ کے تاریخی میدان میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لے جنڈ بیٹسمین جاوید میاں داد کے تاریخی چھکے کو آج 33 برس مکمل ہو گئے ہیں۔

شارجہ میں بھارت کے خلاف جاوید میاں داد کے تاریخی اور لازوال چھکے کا وہ تاریخی لمحہ کرکٹ شائقین کے ذہنوں میں آج بھی تازہ ہے، میاں داد نے بھارت کے خلاف فائنل میچ میں چھکا لگا کر پاکستان کوشان دار فتح دلائی تھی۔

18 اپریل 1986 کا دن بھارتیوں کے لیے دل دہلا دینے والا دن تھا جب عظیم پاکستانی بلے باز جاوید میاں داد نے ان کی فتح کو تاریخی شکست میں تبدیل کر دیا تھا۔

ایک طرف شارجہ کا اسٹیڈیم اور دوسری طرف پاکستان کا روایتی حریف بھارت تھا، پاکستان آسٹریلیشیا کپ کے فائنل میں 246 رنز کے بھارتی ہدف کا تعاقب کر رہا تھا، یہ اس وقت شارجہ میں کسی بھی ٹیم کا بنایا گیا سب سے بڑا مجموعہ تھا۔

اس ہدف کے تعاقب میں پاکستان جاوید میاں داد کی لازوال سنچری کی بہ دولت اس مقام تک پہنچا کہ آخری اوور کی آخری گیند پر 4 رنز کی ضرورت تھی۔

کرکٹ گراؤنڈ شائقین سے بھرا ہوا تھا، دو کھلاڑیوں پر سب کی نظریں لگی ہوئی تھیں، کریز کے ایک طرف جاوید میاں داد کھڑے تھے، اور دوسرے اینڈ پر بھارت کے فاسٹ بولر چیتن شرما ہاتھوں میں گیند تھامے ہوئے تھے۔

شائقین کے دلوں کی دھڑکن اس وقت تیز ہو گئی جب چیتن شرما نے میچ کے آخری گیند کے لیے دوڑنا شروع کر دیا، گیند ان کے ہاتھوں سے نکلی تو ایک لمحے کے لیے میدان میں سناٹا چھا گیا، اور پھر وہ ہوا جس نے ایک تاریخ رقم کر دی۔

لے جنڈ میاں داد نے بلا گھمایا اور چیتن شرما کی گیند کو ہوا میں اٹھا کر باؤنڈری پار کرا دیا، اس زوردار چھکے کے بعد ایک طرف پاکستانی انکلوژر میں جشن کا سماں بندھ گیا تھا تو دوسری طرف بھارتی انکلوژر پر موت جیسا سناٹا طاری ہو گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں