ممبئی: بالی وڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن اور ان کی اہلیہ جیا بچن کے منظرِ عام پر آنے والے مالی اثاثوں نے سب کے ہوش اڑا دیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن کسی تعارف کے محتاج نہیں تاہم ان کی اہلیہ جیا بچن ماضی کی نامور اداکارہ رہیں اور اب ملکی سیاست میں ایک خاص حیثیت رکھتی ہیں۔
جیا بچن کو سماج وادی پارٹی کی جانب سے راجیہ سبھا میں مسلسل پانچویں میعاد کیلیے دوبارہ نامزد کیا گیا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جن میں مالی اثاثے بھی ظاہر کیے گئے۔
کاغذات نامزدگی کے ساتھ جمع کروائے گئے حلف نامے کے مطابق جیا بچن کی کُل دولت 1578 کروڑ روپے ہے۔ ان کی ذاتی دولت سال 2022 سے 2023 تک 1 کروڑ 63 لاکھ 56 ہزار 190 روپے رہی۔
اسی عرصے میں امیتابھ بچن کی دولت 2 ارب 73 کروڑ 74 لاکھ 96 ہزار 590 روپے رہی۔ اس کے علاوہ ان کے پاس 54.77 کروڑ روپے مالیت کا سونا اور 71.66 کروڑ مالیت کی 16 گاڑیاں بھی ہیں۔
جیا بچن کے پاس 40.97 کروڑ مالیت کا سونا اور 9.82 لاکھ کی شاندار گاڑی ہے۔ جوڑے کے پاس 849.11 کروڑ روپے کی مشترکہ جائیداد بھی ہے۔
اس وقت جیا بچن کا بینک بیلنس 10 کروڑ 11 لاکھ 33 ہزار 172 روپے ہے جبکہ میگا اسٹار کے اکاؤنٹ میں 1 ارب 20 کروڑ 45 لاکھ 62 ہزار 83 روپے موجود ہیں۔
جیا بچن اور امیتابھ بچن کے مالی اثاثے اور بینک بیلنس بھارت کے سب سے مشہور جوڑوں میں سے ایک کی غیر معمولی دولت اور اثر و رسوخ کی دلچسپ جھلک پیش کرتے ہیں۔