بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور سیاست دان جیا بچن نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے کبھی بھی شوہر امیتابھ بچن کو ’تم‘ کہہ کر مخاطب نہیں کیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ جیا بچن نے اپنی بیٹی شویتا بچن کے ہمراہ حال ہی میں نواسی کے پوڈ کاسٹ ’واٹ دی ہیل ناویا‘ میں شرکت کی اور میاں بیوی کے رشتے سے متعلق اظہار خیال کیا۔
جیا بچن نے کہا کہ ایک چیز جو مجھے واقعی ناپسند ہے وہ یہ ہے کہ جب لوگ ’تو‘ اور ’تم‘ کہتے ہیں، چاہے کسی کے ساتھ بھی ہو، کیا آپ نے کبھی مجھے اپنے دادا (امیتابھ) سے ’تم‘ کا لفظ استعمال کرتے ہوئے سنا ہے۔ میں ہمیشہ انہیں آپ کہہ کر پکارتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک ہر رشتے میں عزت و احترام ہونا بہت ضروری ہے جب تک آپ کسی کی عزت نہیں کریں گے تو بدلے میں عزت نہیں ملے گی۔
اداکارہ نے کہا کہ اس زمانے کی نسل میں عزت و احترام کی بہت کمی ہے، آج کی نسل ہر رشتے میں ’تم‘ اور ’تو‘ کا استعمال کرتی ہے، میرے خیال میں ہمیں نوجوان نسل میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔
جیا بچن نے کہا کہ مجھے یاد ہے میری ساس ہمیشہ کہا کرتی تھیں، آپ لوگوں سے جتنی کم امید رکھیں گے آپ کو زندگی میں اتنی ہی کم مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی ساس کے اس مشورے پر عمل کرنے کی کوشش کرتی ہوں، اسی لیے مایوسی کا شکار بھی کم ہی ہوتی ہوں۔
واضح رہے کہ امیتابھ بچن اور جیا بچن کی شادی 1973 میں ہوئی تھی، ان کے دو بچے شویتا بچن نندا اور ابھیشیک بچن ہیں۔