اتوار, دسمبر 15, 2024
اشتہار

بانی پی ٹی آئی چور ہے تو ہم سب ہی چور ہیں، پیر پگارا

اشتہار

حیرت انگیز

جامشورو: پیر پگارا صبغت اللہ شاہ راشدی کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی چور ہے تو ہم سب ہی چور ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق جامشورو میں جی ڈی اے کے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیرپگارا نے کہا کہ کیا بانی پی ٹی آئی سے پہلے جو آئے تھے انہوں نے توشہ خانہ سے گاڑیاں نہیں لیں، توشہ خانہ سے کوئی بھی گاڑی نہیں لے سکتا، میری نظر میں بانی پی ٹی آئی چور نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بے وقوفی ہوگئی ہوگی غلطی کسی سے بھی ہوسکتی ہے، بانی پی ٹی آئی سے غلطی نہیں ہوتی تو میری نظر میں وہ فرشتہ ہوتا۔

- Advertisement -

پیر پگارا نے کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے زمین آسمان ایک کردیا، الیکشن میں جو خریدو فروخت ہوئی اس پر بھی الیکشن کمیشن کچھ بولے۔

انہوں نے کہا کہ اس الیکشن نے ثابت کردیا کوئی بھی سیاسی پارٹی وفاق کی سطح پر نہیں، اب کوئی قومی لیڈر نہیں رہا سب صوبائی بن گئے ہیں۔

پیر پگارا نے کہا کہ یہ ہمارا آئینی حق ہے کہ ہم احتجاج کریں، ہمارا احتجاج الیکشن میں جو ڈاکہ ڈالا گیا اس کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ کہتا تھا وفاق کی علامت ہماری اپنی فوج ہے، فوج ہماری اپنی ہے جو فیڈریشن کو سنبھال رہی ہے وہ ہم سے دور ہو ہم یہ سوچ بھی نہیں سکتے، اب سوائے فوج کے فیڈریشن کو سنبھالنے والا کون بچا ہے۔

پیر پگارا کا کہنا ہے کہ فوج نہ ہو تو ہمارا فلسطین جیسا حشر ہوتا، یہ ہماری فوج ہے جس کی وجہ سے ہم عزت اور سکون سے بیٹھے ہیں، یہی ہماری فوج بارڈر سنبھال رہی ہے اور دہشت گردی سے مقابلہ کررہی ہے۔

صبغت اللہ شاہ راشدی نے کہا کہ فوج نے اب سب کو آزما لیا ہے تو اب بچا کیا ہے، ہوسکتا ہے کہ ایمرجنسی اور مارشل لا لگ جائے پھر یہی جج اس کو تحفظ دیں گے، اللہ اس ملک کو ہماری فوج کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور ججز اور فوج کی رہنمائی فرمائے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں