جنین: گزشتہ روز کے صہیونی فوج کے حملے میں مغربی کنارے کے شہر جنین کی متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، 16 سالہ لڑکے سمیت 6 فلسطینی بھی شہید ہو گئے۔
فلسطینی وزارت خارجہ نے اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کو وحشیانہ قرار دیا ہے، فلسطینی صدر محمود عباس نے جنین اور طولکرم کیمپوں میں رہائشی عمارتوں کی تباہی کو روکنے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
مغربی کنارے کے جنوبی علاقے اروب میں بھی صہیونی فوج نے 27 سالہ محمد امجد حدوش کو شہید کر دیا، واضح رہے کہ جنوری کے وسط سے اب تک اسرائیل مغربی کنارے میں 50 فلسطینیوں کو شہید کر چکا ہے۔
غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فضائیہ کا حملہ
اسرائیلی فوج نے غزہ جنگ بندی معاہدے کی بھی خلاف ورزی کی، اور وسطی غزہ میں گاڑی پر فضائی حملے میں 4 فلسطینی زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو امریکا کے دورے پر روانہ ہو گئے ہیں، جانے سے پہلے انھوں نے کہا کہ انھوں نے مشرق وسطی کا نقشہ تبدیل کر دیا ہے، اب صدر ٹرمپ کے ساتھ مل کر مزید بہتری لائیں گے۔ دوسری طرف خبر رساں ایجنسی کے مطابق حماس کا وفد آج ماسکو میں روسی وفد کے ساتھ ملاقات کرے گا۔