کراچی: شہر قائد کے علاقے کٹی پہاڑی سے گزشتہ شب پولیس مقابلے میں گرفتار ہونے والے لٹیروں نے انکشاف کیا ہے کہ وہ خواتین سے زیورات اور پرس چھیننے کی وارداتیں کیا کرتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب کٹی پہاڑی نارتھ ناظم آباد بلاک آر میں پولیس مقابلہ ہوا تھا، جس میں شاہراہِ نور جہاں پولیس نے 2 ملزمان عبداللہ اور ہمایوں شعور کو گرفتار کر لیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان ڈسٹرکٹ سٹی، سینٹرل اور ایسٹ میں درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان نے بتایا ہے کہ ان کا ٹارگٹ خواتین ہوتی ہیں، جن سے وہ زیورات اور پرس وغیرہ چھینتے ہیں۔
ملزمان نے زیادہ تر خواتین سے وارداتیں گلستان جوہر اور گلشن اقبال میں کیں، پولیس حکام نے انکشاف کیا کہ یہ ملزمان ڈاکس تھانہ، بلال کالونی، شاہراہِ نور جہاں، حیدری مارکیٹ سے پہلے بھی گرفتار ہو چکے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کو تھانہ جوہر آباد اور شریف آباد تھانہ پولیس بھی گرفتار کر چکی ہے، ان کی گرفتاری ڈکیتی، مقابلے، موٹر سائیکل لفٹنگ، اسلحہ اور منشیات کے مقدمات میں عمل میں آئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے ساتھیوں کی معلومات حاصل کر لی ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔