چنیوٹ: جھنگ روڈ کی تعمیر کے حوالے سے اے آر وائی نیوز کی خبر پر وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے فوری نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق بھوآنہ کے قریب جھنگ روڈ کی تعمیر دوبارہ شروع کر دی گئی، 28 کروڑ کی لاگت سے تعمیر ہونے والا 3 کلو میٹر ون وے کا پتھر ڈال کر کام چھوڑ دیا گیا تھا۔
اے آر وائی نیوز نے اہل علاقہ کے احتجاج کی خبر نشر کی تھی، جس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس کا نوٹس لے کر ہدایات جاری کیں۔ ایس ڈی او روڈز کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے میں سڑک پر کارپٹ شروع کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے پنجاب کے مختلف شہروں کو موٹر وے سے منسلک کرنے کے ستلج انڈس اکنامک نیٹ ورک پروجیکٹ کی منظوری بھی دی تھی۔
اس منصوبے سے لاکھوں کاشت کاروں، تاجروں، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کے لیے ترقی اور خوش حالی کے نئے باب کھلیں گے، اس منصوبے کی لاگت 160 ارب روپے ہے، پہلے مرحلے میں قصور بائی پاس تا لاہور رنگ روڈ جی ون سین کوریڈور مکمل ہوگا، کوریڈور پر 15 ارب روپے لاگت آئے گی۔