جہلم میں اے این ایف اہلکاروں کے قاتل دو دہشت گرد مبینہ پولیس مقابلے میں مارے گئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کو ریکوری کیلئے لیکر جایا جا رہا تھا کہ ملزمان کے ساتھیوں نے حملہ کر دیا، زیرحراست دونوں ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان میں سید قاسم علی شاہ اور بلال حیدر شامل ہیں، ڈیڑھ ماہ قبل ملزمان ترکی ٹول پلازہ کے قریب ناکا توڑ کر فرار ہوئے تھے، اے این ایف ٹیم نے تعاقب کرتے ہوئے ڈومیلی موڑ پر روکا تھا، ملزمان نے فائرنگ کرکے اے این ایف کے تین اہلکاروں کو شہید کر دیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو گوادر کے راستے ایران فرار ہوتے ہوئے گرفتار کیا گیا، ملزمان انتہائی خطرناک اور کئی مقدمات میں مطلوب تھے، ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔