لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے بعد جماعت اسلامی نے بھی وزارتِ عظمیٰ کے لیے مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کی مرکزی شوریٰ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ن لیگی امیدوار برائے وزیرِ اعظم کو ووٹ نہیں دیں گے۔
جماعت اسلامی کے ترجمان نے کہا ہے کہ پارٹی کے واحد رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الاکبر چترالی وزارتِ عظمیٰ کے کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہیں دیں گے۔
ترجمانِ جماعت کے مطابق مرکزی شوریٰ نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی سیاسی جماعت کو کندھا دینے کی بہ جائے جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے نظریاتی لڑائی لڑی جائے گی۔
مرکزی شوریٰ نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ جماعت اسلامی ’احتساب سب کا، کرپشن فری پاکستان‘ مہم جاری رکھے گی۔
ایم ایم اے کا وزیراعظم کے لئے شہباز شریف کو ووٹ نہ دینے کا عندیہ
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کی قیادت کو یہ کہہ کر مایوس کر دیا تھا کہ وہ شہباز شریف کی وفاق میں حمایت نہیں کرے گی۔
پیپلز پارٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ وزارتِ عظمیٰ کے لیے نہ شہباز شریف اور نہ ہی عمران خان کو ووٹ دیا جائے گا، بعد ازاں پی پی نے پنجاب اسمبلی میں بھی ن لیگ کو تنہا چھوڑ کر اسے بڑا سیاسی دھچکا پہنچایا۔