امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے 15 اپریل کو ملک گیر کسان احتجاج کا اعلان کردیا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف کسان ہر ضلع میں احتجاج کریں، کسان لاہور آئیں اور پھر اسلام آباد جائیں، ہمیں کریڈٹ کی ضرورت نہیں میزبانی کریں گے اور کسانوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کو بھی جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا، چند روز میں وزیراعظم سے ملاقات میں عوامی مسائل پر بات کروں گا۔
حافظ نعیم نے کہا کہ 11 اپریل کو غزہ مارچ ہوگا، 15 اپریل کو ہر ضلع میں احتجاج ہوگا، 15 اپریل تک مطالبات تسلیم کیے تو ٹھیک ورنہ لاہور، اسلام آباد احتجاج کی کال دیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کو دھوکا دیا ہے، لوگ کیا اگائیں گے اور کیا کھائیں گے، یوریا کی قیمت بڑھ رہی ہے، کسانوں کو ریٹ دیا اور خریداری نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر حکومت پیچھے ہٹی ہوئی ہے، مطالبہ کرتے ہیں کہ گندم کا ریٹ 4 ہزار روپے مقرر کیا جائے۔