کراچی: جماعت اسلامی نے کراچی میں گورنر ہاؤس کے سامنے سے دھرنا ختم کردیا۔ حافظ نعیم الرحمٰن کہتے ہیں کہ 15 دنوں میں شکایات اور مطالبات پر کام نہ ہوا تو دوبارہ گورنر ہاؤس کا رخ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کے الیکٹرک کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا 4 روز بعد ختم ہوگیا۔
جماعت اسلامی گورنر ہاؤس کے سامنے کے الیکٹرک کی جانب سے اوور بلنگ کے خلاف احتجاج کر رہی تھی۔
مزید پڑھیں: کے الیکٹرک کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا
دھرنا ختم ہونے سے قبل جماعت اسلامی کے وفد نے رہنما حافظ نعیم الرحمٰن کی سربراہی میں گورنر سندھ محمد زبیر سے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات گورنر سندھ محمد زبیر کی خواہش پر کی گئی جس میں گورنر سندھ نے بجلی کی مسلسل فراہمی، لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کے ضمن میں جماعت اسلامی کے جائز تحفظات کو دور کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہائی کروائی۔
انہوں نے جماعت اسلامی اور کے الیکٹرک کے مابین مذاکرات میں مدد دینے کی حامی بھی بھری۔
نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ نے مطالبات کی منظوری کا یقین دلایا ہے۔
انہوں نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر شکایات کا ازالہ نہ ہوا اور 15 دن میں مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 17 مئی کو دوبارہ گورنر ہاؤس کا رخ کریں گے۔