امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حماس اور القسام بریگیڈ نے اسرائیلی ٹیکنالوجی کو ناکام بنا دیا ہے اسرائیل آج بھی القسام بریگیڈ کا مقابلہ نہیں کر سکتا، حماس لیڈرشپ مسلم حکمرانوں سے کہہ رہی ہے تمہارا ایٹم بم میدان میں کیوں نہیں آتا؟
کراچی میں عظیم الشان یکجہتی غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حافط نعیم نے کہا کہ ساؤتھ افریقہ، آئرلینڈ جیسے ممالک صیہونی طاقتوں کے سامنےکھڑے ہوئے ہیں لیکن تماشہ دیکھنے والےجب خودتماشہ بنیں گے تو کون مدد کو آئےگا؟ مغرب کے چہرے سے نقاب اترچکا، سامراجی ذہن واضح ہو گیا مغرب میں رہنے والے باضمیر لوگ ان کیخلاف کھڑے ہو چکے ہیں۔
حافظ نعیم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کو دریا برد کر دیا ہے طاقت ور کی حکمرانی ہے، استعمار اور سامراج فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے آج اگر غزہ کے حالات خراب ہے حماس کی لیڈر شپ کو ختم کیا جارہا ہے کیا یہودی امت مسلمہ کے غداروں کو نہیں چھوڑیں گے، امت مسلمہ کے حکمران غیرت و حمیت کا مظاہرہ کریں تاکہ تاریخ میں تمہارا نام سنہرے الفاظ میں لکھا جاسکے۔
جہاد، بائیکاٹ
ان کا کہنا تھا کہ آج کے حکمران امریکہ و اسرائیل کو مدد فراہم کرتے ہیں پاکستان پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی امریکہ و اسرائیل کی مزمت کرو، تمام پارٹیاں امریکہ سے آشیرباد وصول کرنے کے لیے سب لائن بنا کر کھڑے ہیں جب سے جہاد کا فتویٰ اور بائیکاٹ مہم شروع ہوئی ہے تو ن لیگ نے اس کے خلاف مہم شروع کردی، مسلم لیگ ن سن لے اگر تم جہاد اور اسرائیلی مصنوعات کی بائیکاٹ کے خلاف مہم چلارہے ہو تو کھل کر سامنے آؤ یا پیچھے ہٹ جاؤ ہم طاغوت کے ہتھیار کو طاغوت کے خلاف استعمال کریں گے ہم اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں گے ہم جہاد کے فتوے کے بعد مسلم امہ کے افواج کا کام ہے کہ وہ جہاد کریں ہم الاقصی اور فلسطین کے بچوں کے لیے مرنے کے لیے تیار ہیں، امریکہ و اسرائیل کے غلاموں تم اپنی سازشوں سے امت کے جذبہ جہاد کو کم نہیں کرسکتے۔
ہڑتال
امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ آج کا مارچ اختتام نہیں بلکہ آغاز ہے اہل و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے بچوں کا مارچ ہوگا، 18 کو ملتان اور 20 کو اسلام آباد میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ہوگا جس کے بعد 22 اپریل پورے ملک میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی، ہم دیگر ممالک کی تحریکوں اور ممالک سے بھی بات کریں ہے اس ہڑتال کو گلوبل ہڑتال بنائیں گے۔