اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کو یاد رکھنا چاہیے بھارت سے اصل تنازع مسئلہ کشمیر ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر سرا ج الحق نے مودی کی طرف سے مذاکرات پر آمادگی پر اپنا ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کو یاد رکھنا چاہیے بھارت سے اصل تنازع مسئلہ کشمیر ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات میں کشمیر کی آزادی کے علاوہ ادھر ادھر کی باتیں ملک کے مفاد میں نہیں ہوں گی۔
سراج الحق نے کہا کہ خطے میں قیام امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، انھوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ پاکستان کا اصل تنازع یہی ہے۔
مزید تازہ خبریں پڑھیں: نریندر مودی کا وزیر اعظم عمران خان کو خط، کرتارپور پر کام مکمل کرنے کی یقین دہانی
انھوں نے پی ٹی آئی حکومت کے پہلے وفاقی بجٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ آئی ایم ایف کے کہنے پر مسلط کردہ ٹیم نے بنایا ہے، اس بجٹ نے پاکستان کا معاشی مستقبل داؤ پر لگا دیا ہے۔
سینیٹر سراج الحق نے مزید کہا کہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے انتباہ پر غور کرنا چاہیے کہ معیشت آئی سی یو میں ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت غل غپاڑہ کر کے لوگوں کی توجہ بجٹ سے نہیں ہٹا سکتی، حکومت کو چاہیے کہ بجٹ واپس لے اور عوام کو ریلیف دے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کو تہنیتی خطوط بھجوائے گئے تھے، جن کے جواب میں انھوں نے خطوط لکھے ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ بھارت امن اور ترقی کے لیے پاکستان سمیت تمام ممالک سے جامع مذاکرات کے لیے تیار ہے۔