کراچی: بھارت کو بزدلانہ حملے کا کرارا جواب دینے پر جماعت اسلامی کراچی نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلیے کل شہر قائد میں مظاہروں کا اعلان کر دیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارتی دہشتگردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے، صبح 10 بجے سے تعلیمی اداروں میں اظہار یکجہتی ہوگا، ہماری افواج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کیا۔
منعم ظفر نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں بمباری کر کے نوجوانوں اور بچوں کو شہید کر رہا ہے، اقوام متحدہ اسرائیل کو روکنے کیلیے کردار ادا نہیں کر رہا، اقوام متحدہ کو بھارت اور اسرائیل کے خلاف کردار ادا کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ، بھارت کو دندان شکن جواب دینے کا عزم
گزشتہ روز امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی زیرِ صدارت مرکزی قیادت کے ہنگامی اجلاس میں بھارت کے بزدلانہ حملوں کے خلاف 9 مئی کو ملک گیر یوم عزم منانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ جمعہ کے روز ملک بھر میں بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے بتایا تھا کہ رات بھارت نے اپنے ہندوتوا کے نظریے کو فروغ دینے اور اپنی عوام کو بیوقوف بنانے کیلیے بزدلانہ کاروائی کرتے ہوئے مساجد اور سویلین آبادی کو نشانہ بنایا، لیکن اسے اپنے شیطانی عزائم میں منہ کی کھانا پڑی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ پاک فوج نے بزدلانہ بھارتی حملے کا ذمہ دارانہ اور منہ توڑ جواب دیتے ہوئے فوجی اہداف اور بھارتی طیاروں کو نشانہ بنا کر بھارت کا گھمنڈ خاک میں ملا دیا ہے یہ جواب پوری قوم کی امنگوں کا ترجمان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت پاکستان اور مسلح افواج کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم سب قومی یکجہتی اور دشمن کا مقابلہ کرنے کیلیے متحد ہیں، پوری قوم مل کر لڑے گی تو ہمیں کوئی بیرونی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی۔