ہفتہ, جولائی 27, 2024
اشتہار

‘کراچی لاوارث نہیں کس کو حق نہیں مارنے دیں گے’

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ کراچی لاوارث نہیں جماعت اسلامی شہر کی ترجمانی کر رہی ہے، اب وفاقی و صوبائی حکومتوں کو کراچی کا حق نہیں مارنے دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کراچی میں پانی کے شدید بحران، ٹینکرمافیا اور واٹر بورڈ کی ملی بھگت اور کراچی کے لیے 650 ملین گیلن کے K-4 منصوبے میں کٹوتی، سرکاری سرپرستی میں کے الیکٹرک کی ظلم وذیادتی، شدید لوڈشیڈنگ اور نرخوں میں اضافہ کے خلاف ”حقوق کراچی کارواں“ نکالا گیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کارواں کی قیادت کی اور حیدری مارکیٹ، لیاقت آباد سپر مارکیٹ سمیت مختلف مقامات پر جلسوں سے خطاب کیا، انہوں نے شہر کے مسائل کے حل کیلئے چارٹر آف ڈیمانڈ اعلان کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ پانی کا K-4 منصوبہ فوری مکمل کیا جائے، 650 ملین گیلن پانی ساڑھے تین کروڑ عوام کا جائز اور بنیادی حق ہے اس میں کسی قسم کی کمی یا کٹوتی منظور نہیں۔

- Advertisement -

کے الیکٹرک مافیا کو لگام دی جائے، اس کا لا ئسنس منسوخ کیا جائے، لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ کا خاتمہ کیا جائے،کلاء بیک کی مد میں 42ارب روپے کراچی کے عوام کو واپس دلوائے جائیں، 2017میں نواز لیگ کے دور میں ہونے والی مردم شماری کے نام پر جعلی گنتی قبول نہیں۔

حافظ نعیم نے سندھ حکومت اور حکمران پارٹیوں کو متنبہ کیا کہ کسی صورت میں بھی بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار نہیں کرنے دیا جائے گا، چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری تک جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج امیر جماعت اسلامی پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں پیٹرولیم کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا جا رہا ہے، ہم اس عوام دشمن فیصلے کی شدید مذمت اور مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اگر حکومت واقعی حقیقی ریلیف دینا چاہتی ہے تو فوری یہ فیصلہ واپس لے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پورے ملک کی معیشت چلاتا ہے لیکن کراچی کو چلانے والا کوئی نہیں، کراچی کے ٹیکسوں سے ہی لاہور، پنڈی، اسلام آباد اور پشاور میں میٹرو بسیں چل رہی ہیں، یہ پروجیکٹس سال ڈیڑھ سال میں مکمل کر لیے گئے لیکن کراچی کا ایک گرین لائن منصوبہ 6 سال گزرجانے کے بعد بھی مکمل نہیں کیا گیا اور ادھورا گرین لائین منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کی ترجمانی کر رہی ہے، اب وفاقی و صوبائی حکومتیں کراچی کا حق نہیں مار سکیں گی، کراچی کے عوام وڈیروں اور جاگیرداروں کے خلاف نکل کھڑے ہوئے ہیں، ایم کیو ایم نے ہمیشہ وڈیروں اور جاگیرداروں کی سہولت کاری کی ہے اور کراچی کے عوام کے مینڈیٹ کا سودا کیا ہے، جعلی مردم شماری ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی نے مل کر منظور کی، آج ہم اعلان کرتے ہیں کہ ہماری گنتی پوری کی جائے اور قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات سے قبل لازماً درست مردم شماری کروائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ سب نے مل کر کے الیکٹرک کی سرپرستی کی ہے جس کی وجہ سے ایک پرائیویٹ کمپنی مافیا بن گئی ہے اور مسلسل عوام کو لوٹ رہی ہے، لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ کے عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے، ہم کسی بھی قسم کی عصبیت کے خلاف ہیں، کراچی میں ہر زبان بولنے والے رہتے ہیں اور ہماری تحریک کراچی کے ہر شہری کی تحریک ہے۔

جماعت اسلامی کی تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوگی اور اہل کراچی اپنا حق لے کر رہیں گے، ہماری جدوجہد مزید تیز ہوگی، اب کراچی کو دھوکہ نہیں دیا جا سکے گا، جماعت اسلامی نے کراچی کے عوام کو دھوکہ دینے والوں کو ایک بار پھر بے نقاب کیا ہے، عوام خود کو دھوکہ دینے والوں کو مسترد کر دیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں