کراچی : جناح اسپتال کے قریب ہوٹل میں فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات میں نیا موڑ آگیا، فائرنگ کرنے والا ملزم ذہنی مریض نکلا جس کا آبائی تعلق بنوں سے ہے۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم زاہد علی کے اہلخانہ سے رابطہ ہوا ہے، اہلخانہ کے مطابق ملزم کا نفسیاتی ڈاکٹر سے علاج بھی کرایا گیا تھا۔
ملزم زاہد علی کچھ عرصے سے کراچی میں رہائش پذیر تھا، ملزم کے اہلخانہ سے نفسیاتی ڈاکٹر کے علاج کی تفصیلات اور میڈیکل سرٹیفکیٹ منگوائے ہیں۔
پولیس کے مطابق تاحال ملزم کا کوئی رشتہ دار کراچی نہیں پہنچا ہے، گزشتہ روز چائے کے ہوٹل پر اندھا دھند فائرنگ سے ایک شخص قتل اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔
واقعے میں جاں بحق ہونے والا عمران اپنے عزیز سے ملنے آیا تھا جس کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی تھی، ہوٹل پر چائے پیتے ہوئے عمران فائرنگ کی زد میں آکرجاں بحق ہوگیا تھا۔
ملزم زاہد علی نے فائرنگ کرکے خود کو میزنائن فلور پر جاکر گولی مارکر خودکشی کرلی تھی، واقعے کے 2 مقدمات صدر تھانے میں درج ہیں۔
مزید پڑھیں : جناح اسپتال کے باہر ہوٹل پر فائرنگ، 1 جاں بحق، ملزم نے بھی خود کشی کرلی
فائرنگ سے زخمی ہونے والے 3 افراد میں سے 2 کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، ملزم، مقتول اور زخمیوں کا آپس میں کوئی تعلق نہیں، نہ ہی کوئی کسی کو جانتا ہے، موبائل فون ریکارڈ سے بھی تمام افراد کا آپس میں کوئی تعلق نہیں نکلا۔