کراچی : جناح اسپتال کے بچہ وارڈ آگ لگنے سے نوزائیدہ بچی انکیوبیٹر کے اندر ہی جھلس کر جاں بحق ہوگئی، آگ لگنے کی میں وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے جناح اسپتال کے بچہ وارڈ قومی ادارہ برائے امراض اطفال (این آئی سی ایچ) کے آئی سی یو میں موجود ایک انکیوبیٹرمیں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
اس حوالے سے اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ اس قدر تیزی سے لگی کہ عملے کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں مل سکا۔
آگ لگنے سے آئی سی یو کے انکیوبیٹر میں موجود نوزائیدہ بچی انکیوبیٹر کے اندر ہی جل کر شدید زخمی ہوگئی جسے فوری طور پرطبی امداد دی گئی بعد ازاں نوزائیدہ بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں اس کی تحقیقات کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل این آئی سی وی ڈی کے آپریشن تھیٹر میں بھی آگ لگنے کا واقعہ پیش آچکا ہے۔
اس حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر نے میڈیا کو بتایا ہے کہ جناح اسپتال انتظامیہ نے واقعہ سے متعلق پولیس کو آگاہ نہیں کیا، انکیوبیٹر میں آگ لگنے سے بچی کی موت کا میڈیا سے معلوم ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ نے واقعہ پر پولیس کو آگاہ نہیں کیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہیں صدر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھی، متوفی بچی کے لواحقین سے رابطہ کیا جارہا ہے
وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ نے این آئی سی ایچ کے انکیوبیٹر میں آگ لگنے کا نوٹس لے لیا، وزیراعلٰی نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی سی ایچ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے انکیوبیٹر میں آگ لگنے سے بچی کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ بچی کے والدین سے افسوس کا اظہار کرتا ہوں میں والدین خاص طور پر والدہ کے درد کو محسوس کررہا ہوں، علاوہ ازیں سید مراد علی شاہ نے این آئی سی ایچ انتظامیہ کو ضروری اقدامات کی ہدایت بھی دی ہے۔