کراچی : جناح اسپتال کے قریب ہوٹل پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ملزم نے 3 افراد پر فائرنگ کی ایک نے موقع پر جان دے دی جبکہ ملزم نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں جناح اسپتال کے سامنے ہوٹل پر ایک شخص نے ہوٹل میں موجود افراد پر فائرنگ کرکے انہیں شدید زخمی کردیا جس میں ایک شخص مارا گیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے بتایا کہ بعد ازاں فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جائے وقوعہ پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرے شخص نے بھاگ کر جان بچائی۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم نے دوسرے شخص کو ٹارگٹ کرنے کیلئے اندھا دھند فائرنگ کی، فائرنگ سے 3ا فراد زخمی ہوئے۔
ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ملزم نے ہوٹل کے اوپر جاکر بھی فائرنگ کی، ملزم نے خود کو بھی گولی مار لی جس سے وہ شدید زخمی ہوا، عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرلیے گئے ہیں تاہم واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا نہیں ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی ہے اور وہ اسپتال کے باہر چائے پینے ہوٹل گیا تھا، جبکہ فائرنگ کرنے والے کی شناخت طاہر کے نام سے ہوئی ہے۔ بعد ازاں زخمی ملزم طاہر خود بھی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔