لاہور: جناح ہسپتال میں ایک شخص نے ایمرجنسی کے اندر گھس کر فائرنگ کر کے زیرعلاج مریض کو زخمی کر دیا، ملزم کو پستول سمیت گرفتار کر لیا گیا، ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے احتجاجا آؤٹ ڈور میں کام بند کر دیا۔
جناح ہسپتال لاہور کی ایمرجنسی میں گھس کر حارث نامی شخص نے سرعام 24 سالہ اظہر پر فائرنگ کر دی، جو اس وقت وہاں زیر علاج تھا، ملزم کو پستول سمیت گرفتار کر لیا گیا، بتایا گیا ہے کہ ان کی آپس میں رنجش تھی۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن کا کہنا ہے کہ دیرینہ دشمنی پر حارث نے حملہ کیا، ہسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج تو حاصل کر لی گئی ہے لیکن وہ اس قابل نہیں کہ کسی کو شناخت کیا جا سکے۔
ہسپتال میں فائرنگ کے واقعہ کے بعد ناقص سکیورٹی کیخلاف ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے آؤٹ ڈور میں احتجاجا کام بند کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں سکیورٹی فراہم کی جائے، ڈاکٹر کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والے نوجوان کو بچانے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔