لاہور : جناح اسپتال لاہور میں ٹھنڈے فرش پردم توڑنے والی زہرہ بی بی کی موت کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا ہے۔ محکمہ صحت پنجاب نےغفلت کا قصوروار نجی اسپتال کو قرار دے دیا۔ مزید تحقیقات کے لئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال لاہور میں بستر نہ ملنے سے ٹھنڈے فرش پر جان دینے والی خاتون زہرا بی بی کا معاملہ اور پیچیدہ ہوگیا ہے۔
محکمہ صحت پنجاب نے ذمہ داری قبول کرنے کے بجائے سارا الزام نجی اسپتال کے سر تھوپ دیا، محکمہ صحت پنجاب کادعویٰ ہے کہ زہرہ بی بی کی موت جناح اسپتال میں بستر نہ ملنے کی وجہ سے نہیں بلکہ نجی اسپتال کی جانب سے علاج میں غفلت برتنے سے ہوئی۔
محکمہ صحت کےمطابق زہرہ بی بی جناح اسپتال لاہور آنے سے پہلے نجی اسپتال علاج کے لئے گئی تھی جہاں غفلت کا مظاہرہ کیاگیا، پی ایم ڈی سی نےنجی اسپتال کی انکوائری کے لئےکمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
مزید پڑھیں : جناح اسپتال میں خاتون کی موت : ایم ایس کے بعد مزید تین ڈاکٹرزمعطل
نوٹیفکیشن کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔ کمیٹی اپنی رپورٹ تیرہ جنوری کو پیش کرے گی۔
یاد رہے کہ جناح اسپتال لاہور میں فرش پر جاں بحق ہونیوالی خاتون زہرا بی بی کے معاملے پر اسپتال کے ایم ایس سمیت چار ڈاکٹرز کو معطل کیا جا چکا ہے۔