بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پر ہنگامی حالات سے نمٹنے کا عملی مظاہرہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے عملی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں پی آئی اے ،سی اے اے ،اے ایس ایف سمیت ریسکیو ٹیموں نے حصہ لیا۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہفتے کے روز جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پر ہنگامی حالات سے نمٹنے کی مشق (فل اسکیل ائیرپورٹ ایمرجنسی ایکسرسائز)انجام دی۔

اس مشق کا مقصد ہوائی اڈے پر مصروفِ کار تمام متعلقہ اداروں کی کسی بھی ممکنہ حادثے یا ناخوش گوار واقعے کی صورت میں باہمی اشتراک عمل کے ساتھ بروقت کارروائی کی استعدادکی جانچ پڑتال تھا۔

قومی ائیرلائن پی آئی اے کے ایک طیارے کے ذریعے کسی بھی ہنگامی صورت حال میں مسافروں کو بحفاظت باہر نکالنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا ۔ اس مشق میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی, ائیرپورٹ سیکورٹی فورس، پی آئی اے اور دیگر ملکی ائیر لائنزکے ساتھ ساتھ ، ایدھی اور چھیپا کی ایمبولینسز نے بھی فعال کردار ادا کیا۔

اس موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی کے ائیرپورٹ منیجر عمران خان نے بتایا کہ یہ مشق ہوابازی کی عالمی انجمن (ایکائو) کے معیار کے مطابق ہردوسال بعد کی جاتی ہے اور اس کا مقصد ہنگامی حالات میں بچائو اور آتشزدگی پر قابوپانے والے کارکنوں کی عملی صلاحیت اور بروقت کارروائی کا جائزہ لینا ہوتا ہے۔

انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ عام طور پر ایسے ہنگامی حالات میں دو منٹ کے اندر بروقت کارروائی کی توقع کی جاتی ہے تاہم آج کی مشق میں ہمارے کارکنوں نے ایک منٹ سترہ سیکنڈ میں بروقت کارروائی کا آغاز کردیا تھا جو ان کی مستعدی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ائیرپورٹ سیکورٹی فورس کے اسسٹنٹ چیف سیکورٹی آفیسر عباس میمن نے بھی اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مشق کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ہنگامی حالات سے نمٹنے کی بھرپور مشق صبح ساڑھے گیارہ بجے کراچی ائیرپورٹ پر شروع ہوئی ۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی آگ بجھانے والی گاڑیاں آتشزدگی کے مقام پر صرف ایک منٹ سترہ سیکنڈ میں پہنچیں اور بروقت آگ بجھانے کا مظاہرہ کیا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے بچائو کارکنان (ریسکیو ورکرز)، ایدھی ، چھیپا کی ایمبولینسز ، ڈاکٹرز اور نیم طبی عملے سمیت تمام متعلق افراد نے تیزی سے آتش زدہ طیارے پر پہنچ کر پیشہ ورانہ انداز میں مسافروں کو بحفاظت باہر نکالنے کا مظاہرہ کیا ۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں